نئی دہلی: (دنیا نیوز) مودی کے ہندوستان میں منی پور کے حالات سنگین اور قابو سے باہر ہوتے جا رہے ہیں، ریاست میں نسل کشی کا بازار گرم ہے جبکہ مودی سرکار نے عام شہریوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دے دیا ہے۔
منی پور میں بھارتی فورسز کی ظالمانہ کارروائیوں کو ریاستی دہشتگردی قرار دیا جا رہا ہے، کشیدہ صورتحال کے باعث منی پور کے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں، مقبوضہ کشمیر جیسی ظلم و زیادتی کو ہندوستان تک لانے والے مودی نے یہ ثابت کردیا کہ اس کے نزدیک انسانی جانوں کی کوئی قدر و قیمت نہیں۔
منی پور میں سینکڑوں گھروں کو نذر آتش کر کے بھی مودی سرکار نے چین کا سانس نہ لیا، نذر آتش کیے جانے والے گھروں میں بیشتر افراد کے زندہ جھلس کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، اب تک 60 سے زائد افراد مودی کی درندگی کی بھینٹ چڑھ کر بھارتی سکیورٹی اور کمانڈو فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہو چکے ہیں۔
مشتعل افراد کے ہاتھوں بھارتی 204 کمانڈو بٹالین کا کمانڈو ہلاک ہو گیا، گزشتہ کئی روز سے منی پور اور گرد و نواح میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے، منی پور کی ریاست میں شہریوں کی نسل کشی کو منظم طریقے سے انجام دینے کیلئے ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔
ریاست میں عام شہریوں اور ان کے پورے، پورے خاندانوں کی نسل کشی کیلئے مودی سرکار کی ہدایات پر 10 ہزار سے زائد فوجی اور پیرا ملٹری فورس کے دستے آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں لیکن صورتحال پھر بھی قابو سے باہرہے۔
مودی سرکار کی بہیمانہ ظلم و زیادتی نے ہندوستان کو بھی مقبوضہ وادی بنا دیا ہے، مودی کی کشمیر اور اب ہندوستان کی ریاست منی پور میں ظلم و زیادتی پر عالمی برادری کی خاموشی قابل مذمت ہے۔