لیما: (ویب ڈیسک ) لاطینی امریکا کے ملک پیرو کے جنوبی شہر اریکیپا میں سونے کی کان میں آگ لگنے سے کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے۔
بین الاقوامی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق دو عشروں سے زائد عرصے کے دوران پیرو میں سونے کی کان میں آتشزدگی کا یہ بدترین واقعہ ہے جس میں کان کنوں سمیت 27افراد زندگی کی بازی ہارگئے ۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کی صبح سونے کی کان میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس کے نتیجے میں داخلی راستہ بند ہوگیا اور کان میں دھواں بھرگیا جس کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئیں۔
حکام کے مطابق سونے کی یہ کان یانا کوئیہا نامی ایک چھوٹی فرم کی ملکیت ہے، کمپنی انتظامیہ کی جانب سے آتشزدگی کے واقعے سے متعلق تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں :بھارت: کیرالا میں کشتی الٹنے سے بچوں سمیت 21 افراد ہلاک، کئی لاپتا
اریکیپا کے پروسیکیوٹر جیوانی ماٹوس نے مقامی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے حادثے میں 27 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک شدگان کے لواحقین کی دادرسی کے لیے کان کے مالکان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس لاطینی امریکا کی کان کنوں میں مختلف حادثات کے دوارن 38 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ پیرو میں سال 2002 میں کان کنوں میں ہونیوالے مختلف حادثات میں 73 افراد جان کی بازی ہارگئے تھے ۔
واضح رہے کہ پیرو دنیا میں سونے کی پیداوار کے لحاظ سے سرفہرست ہے، جبکہ تانبے کی پیداوار میں اس کا دوسرا نمبر ہے۔