جرمنی: معروف کار ساز کمپنی کے پلانٹ پر فائرنگ سے 2 افراد ہلاک

Published On 11 May,2023 10:10 pm

برلن: (ویب ڈیسک ) جرمن کار ساز ادارے مرسیڈیز کے ایک پلانٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شٹٹ گارٹ شہر کے جنوب مغرب میں واقع مرسیڈیز کے پلانٹ پر علی الصبح فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے پس پردہ محرکات ابھی تک واضح نہیں ہو سکے تاہم واقعے میں ملوث ایک 54 سالہ مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا،ہلاک ہونیوالے دونوں افراد کی عمر تقریبا 42 سال کے قریب تھی۔

پولیس کی جانب سے ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا کہ ملزم فیکٹری کا ملازم نہیں تھا بلکہ فیکٹری کے ساتھ کام کرنے والی ایک لاجسٹک فرم کا ملازم تھا ،ایمرجنسی سروسز نے عمارت کی تلاشی لی تاکہ دیگر زخمی افراد کو بھی ڈھونڈا جا سکے، ملازمین نے بتایا کہ یہ واقع اس فیکٹری میں پیش آیا، جہاں اس فرم کی فلیگ شپ ایس کلاس گاڑی تیار کی جاتی ہے۔

مرسیڈیز نے تصدیق کی کہ پلانٹ میں ایک واقعہ ہوا تھا ’’ہم حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور حقائق کو واضح کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ملازمین کی حفاظت سب سے پہلے آتی ہے ‘‘،انہوں نے اس بارے مزید تفصیل نہیں بتائی۔ 

Advertisement