عمران خان سے محبت ہے ، ان کے بارے میں فکرمند ہوں: زیک گولڈ اسمتھ

Published On 12 May,2023 11:15 am

لندن : (ویب ڈیسک ) سابق وزیراعظم پاکستان، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کے بارے میں فکر مند ہیں ۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے سابق برادرِ نسبتی زیک گولڈ اسمتھ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں عمران خان سے محبت ہے، انہیں بے حد سراہتا ہوں، چیئرمین پی ٹی آئی ان چند شخصیات میں سے ہیں جن سے بے حد متاثر ہوں۔

زیک گولڈ اسمتھ نے کہا ہے کہ عمران خان ہماری پوری فیملی کے لیے رول ماڈل تھے، انہوں نے مجھے کرکٹ کھیلنا سکھائی ، عمران خان ماحول دوست شخصیت اور عالمی رہنما ہیں، بلین ٹری منصوبہ ان کی ماحول دوستی کی مثال ہے۔

ان کا  کہنا تھا  کہ مجھے نہیں پتہ کہ پاکستان میں کیا ہونے والا ہے، میں پاکستان سے متعلق معاملے میں شریک نہیں ہونا چاہتا۔

یہ بھی پڑھیں :عمران خان کی رہائی پر سابق اہلیہ جمائمہ کا ردعمل سامنے آگیا

 عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ کے بھائی کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کو پختہ یقین ہے کہ انجام اچھا ہی ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فوری رہا کرنےکا حکم  دیا تھا ۔

عمران خان کی گرفتاری سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کا رد عمل بھی سامنے آیا تھا۔

جمائما نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کی  گرفتاری کو غیرقانونی قرار دینے کے حکم سے متعلق برطانوی نشریاتی ادارے کی خبر کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آخرکار دانشمندی غالب آگئی۔

 

Advertisement