مصری ثالثی میں اسرائیل اور فلسطین جنگ بندی پرراضی ، امریکہ کا خیرمقدم

Published On 14 May,2023 12:22 pm

قاہرہ : (ویب ڈیسک ) مصر کی ثالثی میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا، امریکا نے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے مصر کی حکومت کو سراہا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان کرائن جین پیئر نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی حکام نے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس مسئلے کے حل کے لیے کام کیا تاکہ تاکہ مزید جانی نقصان کو روکا جا سکے اور اسرائیلیوں اور فلسطینیوں دونوں کے لیے امن بحال کیا جا سکے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل اور غزہ میں اسلامی جہاد تحریک نے جنگ بندی پر اتفاق کیا جس پر رات دس بجے سے عمل درآمد ہوا، معاہدے میں مصری حکومت نے تمام فریقوں سے معاہدے کی پاسداری کرنے کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں :غزہ میں پانچویں روز بھی اسرائیل کی بمباری جاری ، درجنوں جاں بحق

اسرائیلی حکام کی جانب سے فوری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی تاہم خبررساں ادارے کے مطابق معاہدے کی دستاویز میں لکھا گیا ہے کہ دونوں فریق جنگ بندی کی پابندی کریں گے جس میں شہریوں کو نشانہ بنانا، مکانات کو مسمار کرنا، جنگ بندی کے نافذ العمل ہونے پر فوری طور پر افراد کو نشانہ بنانے کا خاتمہ شامل ہوگا۔

خبر ایجنسی کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی بمباری سے 5 روز میں 35 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں ، فلسطینیوں کی جانب سے جواب میں اسرائیل پر گیارہ سو سے زائد راکٹ حملے کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 9 مئی سے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی حملے جاری ہیں ، شہداء میں خواتین، بچے، بوڑھے افراد اور اسلامی جہاد تحریک کے 6 رہنما شامل ہیں۔