کیشیناو: (دنیا نیوز) یورپی ملک مالدووا میں یورپی سیاسی برادری کے سربراہی اجلاس کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، تمام یورپی ریاستوں کے سربراہان یورپی پولیٹیکل کمیونٹی اجلاس میں شرکت کیلئے مالدووا پہنچنا شروع ہو گئے۔
یورپی میڈیا کے مطابق یہ سربراہی اجلاس یوکرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بلایا گیا ہے، گزشتہ سال وجود میں آنے والی نئی یورپی کمیونٹی کا یہ دوسرا اجلاس ہونے جا رہا ہے جس میں یورپی ممالک کے سربراہان تمام سیاسی مسائل اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اجلاس میں ایک سال سے بھی زائد عرصہ سے جاری روس یوکرین جنگ پر تفصیلی گفتگو ہوگی، یورپی یونین کی توسیع اور یورپی ممالک کے درمیان تعاون کو تیز کرنا اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے، روس اور بیلاروس کے علاوہ تمام یورپی ممالک اس کمیونٹی کا حصہ ہیں۔