یورپی کمیشن نے یوکرینی اناج کی درآمد پر عائد پابندیوں کو مسترد کر دیا

Published On 17 April,2023 07:24 am

برسلز : ( ویب ڈیسک ) یورپی کمیشن نے پولینڈ اور ہنگری کی جانب سے یوکرینی اناج کی درآمد پر عائد پابندیوں کو مسترد کر دیا۔

پولینڈ اور ہنگری کا کہنا تھا کہ یہ پابندیاں ان کے کاشتکاری کے شعبوں کو سستی درآمدات سے بچانے کے لیے ضروری ہیں جبکہ پابندیوں کا اطلاق اناج، دودھ کی مصنوعات، چینی، پھل، سبزیوں اور گوشت پر ہوگا اور یہ جون کے آخر تک نافذ العمل رہے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی کمیشن نے کہا کہ تجارتی پالیسی بنانا انفرادی رکن ممالک پر منحصر نہیں ہے اور یکطرفہ اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا، تاہم کمیشن نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ پولینڈ اور ہنگری کے خلاف کیا اقدامات کئے جائیں گے۔

کمیشن کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اس طرح کے مشکل وقت میں ، یورپی یونین کے اندر تمام فیصلوں کو مربوط  رکھنا بہت ضروری ہے۔

یوکرین کا زیادہ تر اناج بحیرہ اسود کے ذریعے برآمد کیا جاتا ہے لیکن گزشتہ سال روس کے حملے نے برآمدی راستوں میں خلل ڈالا اور اس کے نتیجے میں اناج کی بڑی مقدار وسطی یورپ تک پہنچ گئی، اقوام متحدہ اور ترکیہ کی ثالثی میں روس کے ساتھ ایک معاہدہ یوکرین کو سمندری راستے سے برآمدات جاری رکھنے کی اجازت دیتا ہے ۔

پولینڈ اور ہنگری نے چند روز قبل اس اقدام کا اعلان کیا اور یہ فیصلہ مقامی کسانوں کی شکایات کے بعد کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز پولینڈ کے اقتصادی ترقی اور ٹیکنالوجی کے وزیر والڈیمار بوڈا نے واضح کیا کہ پابندی کا اطلاق ٹرانزٹ میں سامان کے ساتھ ساتھ پولینڈ میں رہنے والوں پر بھی ہوتا ہے، انہوں نے یوکرین کے ساتھ بات چیت کا مطالبہ کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ برآمدات پولینڈ سے گزریں اور مقامی مارکیٹ تک نہ پہنچیں۔

یوکرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دو طرفہ تجارتی معاہدوں سے متصادم ہے۔

یوکرین کی وزارت زراعت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے پولینڈ کے زرعی شعبے کی صورتحال پر ہمیشہ ہمدردی کا مظاہرہ کیا ہے اور مختلف چیلنجوں کا فوری جواب دیا ہے، فی الحال، یکطرفہ سخت اقدامات سے صورتحال کے مثبت حل میں تیزی نہیں آئے گی۔

خیال رہے کہ پولینڈ اور یوکرین کے وزراء آج پولینڈ میں اس مسئلے پر بات کرنے کے لیے ملاقات بھی کریں گے۔

Advertisement