حیدرآباد: (دنیا نیوز) بھارتی ریاست اڈیسہ میں مسافر ٹرین (کورامنڈل ایکسپریس) حادثے کا شکار ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اڈیسہ کے ضلع بالاسور کے بہناگا ریلوے سٹیشن کے قریب مسافر ٹرین (کورا منڈل ایکسپریس) کارگو ٹرین سے ٹکرا گئی جس سے 6 بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں۔
رپورٹس کے مطابق مسافربردار ٹرین مغربی بنگال کے شالیمارریلوے سٹیشن سے چنئی سینٹرل سٹیشن کی طرف جا رہی تھی، ابتدائی طور پر 55 ہلاکتیں رپورٹ کی گئی تھیں تاہم حادثے میں مزید ہلاکتوں جبکہ کئی افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔
حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ کے تین یونٹس، 60 ایمبولینسوں سمیت ڈاکٹرز اور رضاکاروں کی ٹیمیں جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دی گئی ہیں جبکہ قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔