ٹائٹن آبدوز میں سوار افراد کے زندہ بچنے کی امید ختم ہوچکی : اوشین گیٹ

Published On 23 June,2023 12:35 am

نیویارک : ( دنیا نیوز ) بحرِ اوقیانوس میں ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کیلئے جانیوالے 2 پاکستانیوں سمیت تمام افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

 مغربی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیاحوں کو لے کر جانے والی آبدوز کمپنی ’اوشین گیٹ‘ نے آبدوز میں موجود افراد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آبدوز میں سوار تمام افراد کے زندہ بچنے کی امید ختم ہو چکی ہے۔

اوشین گیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ اب ہمیں یقین ہے کہ ہم آبدوز میں سوار ہمارے چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او ) سٹاکٹن رش، شہزادہ داؤد، انکے بیٹے سلیمان داؤد، ہیمش ہارڈنگ اور پال ہنری نارجیولیٹ کو ہمیشہ کے لئے کھو چکے ہیں۔

کمپنی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ، پیچیدہ آپریشن میں کامیابی نہیں مل سکی، آبدوز میں صرف چار دن کی آکسیجن موجود تھی۔

کمپنی کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ آبدوز میں سوار افراد کو بچانے کا آپریشن ختم ہوچکا ہے تاہم لاشوں کی تلاش جاری رکھیں گے مگر یہ علم نہیں کہ کتنا وقت لگے گا۔

امریکی کوسٹ گارڈ کی تصدیق
امریکی کوسٹ گارڈ نے بھی آبدوز میں موجود مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہ ٹائی ٹینک کے ملبے کے قریب آبدوز کا ملبہ ملا ہے جس کا ماہرین جائزہ لے رہے ہیں۔

کوسٹ گارڈ کا کہنا تھا کہ ہماری نیک خواہشات پانچوں افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ یہ سمجھ سکیں کہ آبدوز کے ساتھ کیا ہوا ہوگا اور کس طرح ہم اس سرچ آپریشن کو منطقی انجام تک بہترین طریقے سے پہنچا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وسیع عمل کے لحاظ سے ملبے کے مقام کی تحقیقات جاری رکھیں گے، یہ کیسے، کیوں اور کب ہوا اس کے بارے میں بہت سارے سوالات ہیں، یہ وہ سوالات ہیں جو ہم اب جمع کریں گے جبکہ واقعے کی تحقیقات کیلئے حکومتیں آپس میں بات چیت کریں گی۔

اس سے قبل ریسکیو ماہر ڈیوڈ مارنز نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ زیر سمندر آبدوز کے دو اہم حصے ملے ہیں تاہم وہ خول نہیں ملا جس میں مسافر ہیں، یہ باتیں تصدیق کرتی ہیں کہ ملبہ آبدوز کا ہے جس کے ساتھ کچھ برا ہوا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق سرچ آپریشن میں شامل ماہرین نے دعویٰ کیا تھا کہ ملنے والا ملبہ آبدوز کے لینڈنگ فریم اور پچھلے کور پر مشتمل ہے جو نشاندہی کرتا ہے کہ آبدوز دھماکے سے تباہ ہوئی ہے۔

  پاکستانی تاجر اور ان کا بیٹا

 آبدوز ٹائٹن میں مجموعی طور پر 5 سیاح تھے جن میں معروف پاکستانی تاجر شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد بھی شامل تھے۔

رپورٹس کے مطابق 48 سالہ شہزادہ داؤد نے بکنگھم یونیورسٹی سے ایل ایل بی جبکہ فلاڈیلفیا یونیورسٹی سے عالمی ٹیکسٹائل مارکیٹنگ میں تعلیم حاصل کی، شہزادہ داؤد اور ان کے 19 سالہ بیٹے سلیمان داؤد کو سائنس اور دریافت کا شوق ٹائی ٹینک کے ملبے تک لے گیا۔

خیال رہے کہ آبدوز 18 جون کو یو فاؤنڈلینڈ کے ساحل سے تقریباً 600 کلومیٹر دور 111 سال قبل غرقاب ہونے والے عظیم جہاز ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے روانہ ہوئی تھی لیکن پونے دو گھنٹے بعد ہی آبدوز کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔