غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے مغربی کنارے میں جنین کے پناہ گزین کیمپ پر ایک بار پھر فضائی حملے کئے جس میں 9 فلسطینی نوجوان شہید اور 27 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی جانب سے تازہ کارروائی میں اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں جنین پناہ گزین کیمپ پر ایک بار پھر فضائی حملے کیے۔
عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ کم از کم 10 فضائی حملے کیے گئے جن میں سے ایک میزائل حملہ تھا۔ اس دوران درجنوں بکتر بند گاڑیوں نے جنین کی پناہ گزین کیمپ کو چاروں اطراف سے گھیرے ہوا تھا۔
اسرائیل کے فضائی حملوں میں 9 نوجوان شہید ہوگئے جبکہ 27 زخمی ہیں، زخمیوں میں سے 8 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی امریکا سے مزید 25 ایف 35 لڑاکا طیارے خریدنے کی منظوری
شہید ہونے والے نوجوانوں کو بروقت اسپتال لینے کی اجازت دی جاتی تو جانیں بچائی جا سکتی تھیں لیکن بکتر بند گاڑیوں کے حصار کے باعث زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینسوں کو راستہ نہیں ملا۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 5 میں سے 4 نوجوان فضائی حملے میں جب کہ ایک 21 سالہ نوجوان محمد حسنین کو رام اللہ میں اسرائیلی فوج نے گولی مار کر شہید کیا۔ تاحال شہید ہونے والے 8 افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔