بخارسٹ : (ویب ڈیسک ) رومانیہ میں بخارسٹ کے قریب مائع پٹرولیم گیس سٹیشن پر دو دھماکوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 46 زخمی ہو گئے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق رومانیہ کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ رائد عرفات نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ روز دارالحکومت کے شمال میں واقع کریوڈیا کمیون میں دھماکے اور آگ لگنے کی اطلاع کے بعد ریسکیو اہلکار پہنچے تو وہاں دوسرا دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 26 فائر فائٹرز سمیت 46افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے تمام لوگوں کو نکال لیا گیا ہےتاہم علاقے کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
ہلاک ہونے والے شخص اور تمام زخمیوں کو بخارسٹ کے سرکاری ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ 2015میں رومانیہ کے ایک نائٹ کلب میں آتش بازی کے بعد آگ لگنے سے 64افراد ہلاک ہوگئے تھے۔