سڈنی : (ویب ڈیسک ) آسٹریلیا میں فوجی مشقوں کےدوران امریکی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 3 فوجی ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ شمالی آسٹریلیا کے علاقے ڈارون سے 60 کلو میٹر دور Melville Island کے قریب پیش آیا۔
آسٹریلیا کی وزارت دفاع کے مطابق یہ حادثہ آسٹریلیا، امریکا، مشرقی تیمور، انڈونیشیا اور فلپائن کی افواج کی مشترکہ تربیتی مشقوں کے دوران پیش آیا ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسپرے ( Osprey ) ہیلی کاپٹر میں 23 امریکی فوجی موجود تھے جن میں سے 3 فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ 5 کی حالت تشویشناک ہے۔
آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اسے المناک سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہماری توجہ حادثے میں متاثر ہونے والے افراد کو بچانے پر مرکوز ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق 5 امریکی فوجیوں کو علاج کے لیے ڈارون منتقل کیا گیا ہے جبکہ باقی معمولی زخمی ہیں جن کو جائے حادثہ پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔
امریکی حکام نے کہا کہ ریسکیو کی کوششیں جاری ہیں جبکہ واقعے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ شمالی آسٹریلیا حالیہ برسوں امریکی فوج کے لیے تیزی سے اہم میدان بن گیا ہے، کیونکہ واشنگٹن اور کینبرا ایشیا پیسیفک خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔
آسپرے ہیلی کاپٹر کی ایک پریشان کن تاریخ ہے، جو کئی برسوں میں بدترین حادثوں کی وجہ سے متاثر ہوا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ناروے میں چار امریکی میرینز اس وقت ہلاک ہوئے تھے جب نیٹو کی تربیتی مشقوں کے دوران ان کا وی- 22بی آسپرے ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا تھا۔