یوکرین : دوران پرواز تربیتی جنگی طیارے ٹکرانے سے 3 پائلٹس ہلاک

Published On 27 August,2023 09:17 am

کیف : (ویب ڈیسک ) یوکرین کے دو تربیتی جنگی طیارے پرواز کے دوران آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں تین پائلٹ ہلاک ہوگئے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق یوکرینی ایئر فورس نے جہاز کے تباہ ہونے اور ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

یوکرین کی فضائیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ واقعہ جمعے کو دارالحکومت کیف سے 140 کلو میٹر دور زیتمر شہر کے قریب پیش آیا ہے جب جنگی مشن کے دوران دو ایل۔ 39 طیارے فضا میں ٹکرا گئے۔

یوکرینی ایئر فورس نے پائلٹس کے اہل خانہ سے افسوس کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے انتہائی دردناک اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ کیا پرواز سے پہلے تیاری کے تمام قوائد و ضوابط پر عمل کیا گیا تھا یا نہیں۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بھی ویڈیو پیغام میں پائلٹس کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کبھی ایسے شخص کو نہیں بھولیں گے جس نے یوکرین کی فضاؤں کی حفاظت کی۔

خیال رہے کہ یوکرین کو روس کی فضائیہ کا مقابلہ کرنے میں مدد کے لیے امریکی ساختہ ایف 16 لڑاکا طیاروں کی ضرورت ہے، اس حوالے سے امریکہ سمیت مغربی ممالک نے یوکرین کو روس کے خلاف دفاع کے لیے ایف 16 لڑاکا طیارے بھیجنے کی منظوری دی تھی ۔