بارسلونا میں پاک فوج کے حق میں ریلی، شہر ’پاک فوج زندہ باد‘ کے نعروں سے گونج اٹھا

Published On 31 August,2023 05:39 pm

بارسلونا: (دنیا نیوز) سپین کے شہر بارسلونا میں پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی، شہر ’پاک فوج زندہ باد‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔

بارسلونا میں پاکستانیوں نے پاک فوج کے حق میں ریلی کا اہتمام کیا، ریلی کا اہتمام ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن سپین نے کیا، ریلی کے شرکاء نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے بلند کئے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے شہداء کی بے حرمتی پر سڑکوں پر آکر شدید غصے کا اظہارکیا۔

شرکاء نے کہا پاکستان کی سلامتی کے لئے ہر قربانی دیں گے، پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، اگر اسے کوئی جماعت کراس کرے گی تو اس کا پیچھا کریں گے، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، ہماری امیدوں کا مرکز صرف پاکستان ہے، ہم اس کی بقاء کے لئے پاک فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

شرکاء نے مزید کہا شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت داغ دار نہیں ہونے دیا جائے گا، شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، شہداء کی یادگاروں کو نقصان پہنچانے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے، ہماری قربانیوں کو آنے والی نسلوں تک منتقل کیا جائے، پاکستان سے باہر ہم صرف پاکستانی ہیں، ہمیں پاکستان کی سلامتی کا سوچنا چاہئے۔

شرکاء ریلی نے کہا بھارت ہر دور میں اجتماعی زیادتی کو بطور ہتھیار استعمال کرتا رہا ہے، جمہوریت کا سب سے بڑا شکار کشمیری خواتین ہیں، 11224 کشمیری خواتین بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں جنسی زیادتی کا شکار ہو چکی ہیں، صرف 1992ء میں 882 کشمیری خواتین اجتماعی زیادتی کا شکار ہوئیں۔