سعودی عرب کا یمن میں امن مذاکرات کے مثبت نتائج کا خیر مقدم

Published On 20 September,2023 06:01 pm

ریاض: (دنیا نیوز) سعودی وزارت خارجہ نے یمن میں امن عمل کی حمایت کے لیے روڈ میپ تک پہنچنے کے حوالے سے ہونے والی سنجیدہ بات چیت کے مثبت نتائج کا خیر مقدم کیا۔

وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ 14 سے 18 ستمبر کے دوران ہونے والی بات چیت ان ملاقاتوں کے تسلسل کے طور پر سامنے آئی ہے جو سعودی ٹیم نے گذشتہ دور میں یمنی صدارتی قیادت کونسل کے چیئرمین اور اراکین کے ساتھ 17 سے 22 رمضان المبارک 1444 ہجری تک صنعا میں کی تھیں۔

وزارت خارجہ نے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور مملکت کا دورہ کرنے والے صنعاء کے وفد کے درمیان ملاقات کے مندرجات کی بھی تعریف کی۔

وزارت خارجہ کے مطابق یمن اور اس کے عوام کے لیے مملکت کی مسلسل حمایت اور اقوام متحدہ کی نگرانی میں یمن میں ایک جامع اور دیرپا سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے یمنی فریقین کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کی ترغیب دینے پر زور دیا گیا تھا۔