32 واں عرب لیگ سربراہی اجلاس اختتام پذیر، اعلامیہ جاری

Published On 20 May,2023 07:19 am

جدہ : ( ویب ڈیسک ) سعودی عرب کے شہر جدہ میں 32 واں عرب لیگ سربراہی اجلاس اختتام پذیر ہوگیا جبکہ اجلاس کے حتمی اعلامیے میں سلامتی اور استحکام کے مسائل پر اتحاد کے موقف پر زور دیا گیا ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق عرب لیگ کے رکن ممالک کا جمعہ کو سعودی ساحلی شہر جدہ میں تاریخی سربراہی اجلاس ہوا جس میں ایک دہائی سے زائد عرصے میں پہلی بار تمام 22 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تنظیم کے 32 ویں سربراہی اجلاس کے دوران ارکان نے جدہ اعلامیہ کو اپنایا جس نے عرب دنیا اور اس سے باہر سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے عرب لیگ کے متحدہ موقف کی توثیق کی۔

اجلاس میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدگی، سوڈان میں تنازع، یمن میں امن عمل، لیبیا میں عدم استحکام اور لبنان کی سیاسی صورتحال سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔

سربراہی اجلاس کے آخری مکالمے نے عرب ممالک کے لیے ’ فلسطینی کاز کی مرکزیت ‘ اور خطے میں استحکام کے اہم عوامل میں سے ایک کے طور پر اس بات کی تصدیق کی اور فلسطینیوں، ان کی جان و مال اور وجود پر ڈھائے جانے والے تمام مظالم اور خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔

اعلامیے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 242 اور 2002 کے عرب امن اقدام کے مطابق دو ریاستی حل کی بنیاد پر مسئلہ فلسطین کے جامع اور منصفانہ حل کے حصول کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا تاکہ ایک آزاد فلسطینی کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید برآں یروشلم میں مسلم مقامات کے تحفظ کی ضرورت سمیت سابق سربراہی اجلاس کے موقف کا اعادہ کیا۔

سوڈان میں تنازعے کے معاملے پر جہاں 15 اپریل کو فوج اور نیم فوجی گروپ ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، کمیونیک نے متحارب فریقوں سے مذاکرات کی میز پر واپس آنے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

اعلامیہ کے مطابق مذاکرات کو جاری رکھنے اور بحران کے خاتمے کے لیے 6 مئی کو شروع ہونے والی جدہ میٹنگوں کے دوران اٹھائے گئے اہم اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے غیر ملکی مداخلت جو تنازعہ کو بھڑکا سکتی ہے اور علاقائی سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈال سکتی ہے کو مسترد کر دیا گیا۔

سربراہی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ شام کی عرب لیگ میں واپسی ملک کے استحکام اور دوبارہ اتحاد میں معاون ثابت ہوگی جبکہ رکن ممالک کی مدد سے شام کے بحران کو حل کرنے میں مدد ملے گی اور ایک بار پھر عرب دنیا کا تعاون کرنے والا رکن بن جائے گا۔

یمن کے حوالے سے اعلامیے میں ملک میں تعطل کا شکار امن کوششوں کی حمایت پر زور دیا گیا اور خلیجی اقدام اور اس کے طریقہ کار کے نفاذ، یمنی قومی مذاکرات اور سلامتی کونسل کی قرارداد 2216 کے تین حوالوں کی بنیاد پر بحران کے سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے بین الاقوامی اور علاقائی کوششوں کی توثیق کی گئی۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ حوثی جنگ کے دوران قبضے میں لیے گئے تمام علاقوں سے دستبردار ہو جائیں، فوجی اور سکیورٹی اداروں سے چھینے گئے ہتھیاروں کو چھوڑ دیں، یمن کی قانونی حکومت کے اختیار میں آنے والے تمام اقدامات کو بند کریں اور سلامتی کونسل کی سابقہ قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کریں۔

لبنان کی صورتحال پر اعلامیے میں قوم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور تمام لبنانی دھڑوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ایک صدر کا انتخاب کریں اور لبنان کو جاری معاشی بحران سے نکالنے کے لیے اصلاحات نافذ کریں۔

اعلامیے میں عرب ممالک کے اندرونی معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت یا غیر مجاز اور ناجائز مسلح گروپوں اور ملیشیاؤں کی حمایت کو بھی مسترد کیا گیا ہے، ساتھ ہی اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اندرونی فوجی تنازعات سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ صرف خطے کے عوام کے مصائب میں اضافہ ہوگا اور ترقی کو روکا جائے گا۔ .

آخر میں اعلامیہ میں پائیدار ترقی، سلامتی، استحکام اور امن کے ساتھ زندگی گزارنے کی اہمیت کو تمام عرب شہریوں کے موروثی حقوق کے طور پر دہرایا گیا۔ 

Advertisement