قاہرہ: (دنیا نیوز) اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری خونی جھڑپوں کی شدت میں کمی کیلئے قاہرہ میں پیس سمٹ ہوا جس میں عرب ممالک کے رہنماؤں کے علاوہ برطانیہ، روس، یورپ اور اقوام متحدہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
قاہرہ میں ہونے والے پیس سمٹ میں جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ انتونیو گوتریس، فلسطینی صدر محمود عباس، اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی، برطانوی وزیر خارجہ، روسی نائب وزیر خارجہ سمیت عرب ممالک کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
پیس سمٹ میں خطاب کرتے ہوئے فلسطینی صدر محمود عباس کا کہنا تھا کہ ہم اپنا وطن ہرگز نہیں چھوڑیں گے، ہم اپنے ملک میں رہیں گے، اسرائیل فلسطین میں مظالم بند کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے۔
سمٹ کے میزبان مصری صدر عبدالفتاح نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام رہنماؤں کو دعوت دینے کا مقصد یہ ہے کہ سب مل کر غزہ میں انسانی تباہی کے خاتمے اور اسرائیل، فلسطین کے درمیان امن کے راستے کو بحال کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔
برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے تقریر کے دوران کہا کہ اسرائیلی فوجیوں کو صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، اس تنازع کا حل جنگ نہیں ہے، بات چیت کے تحت مسائل کو حل کرنا چاہیے۔