غزہ دردناک تباہی سے گزر رہا ہے: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے خبردار کر دیا

Published On 22 October,2023 06:13 am

قاہرہ: (دنیا نیوز) غزہ میں امن کیلئے قاہرہ امن کانفرنس کا آغاز ہو گیا جس میں انسانی المیے سے بچنے کیلئے متفقہ روڈ میپ مرتب کرنے پر غور و فکر کیا جائے گا۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والی امن کانفرنس میں عرب اور یورپی سمیت مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، کانفرنس میں اسرائیل کی جانب سے غزہ کا محاصرہ کرنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا۔

قاہرہ امن کانفرنس سے خطاب کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ دردناک تباہی سے گزر رہا ہے، فلسطینیوں کو مسلسل امداد کی ضرورت ہے، انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کیلئےعالمی برادری کردار ادا کرے۔

مصر کے صدر السیسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی امن کانفرنس کا مقصد اسرائیل فلسطین کے درمیان امن قائم کرنا ہے جبکہ شاہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ غزہ سے فلسطینیوں کا جبری انخلاء جنگی جرم ہے۔