اسرائیل حماس تنازع: ایرانی وزیر خارجہ کی ترک ہم منصب سے اہم ملاقات

Published On 01 November,2023 08:34 pm

انقرہ: (دنیا نیوز) اسرائیل حماس تنازع پر ایرانی وزیر خارجہ حسین عامر عبدالحیان نے ترک ہم منصب ہاکن فدان سے اہم ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے غزہ کی صورتحال بارے تفصیلی گفتگو کی۔

ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ حسین عامر عبدالحیان نے کہا کہ غزہ پر جاری حملوں کے "سنگین نتائج" ہوں گے، اسرائیل مکمل طور پر انسانیت بھول چکا ہے، غزہ میں اسرائیل کھلم کھلا انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

حسین عامر عبدالحیان نے کہا کہ غزہ میں بے گناہ ، نہتے اور معصوم شہریوں کا قتل عام بند کیا جائے، امریکا اسرائیل کی پشت پنا ہی بند کرے۔

اس موقع پر ترک وزیر خارجہ ہاکن فدان نے کہا کہ غزہ کی صورتحال تباہ کن ہے، غزہ میں انسانی بنیادوں پر فوری رسائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔