اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمہوریہ ترکیہ کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستانی سفارتخانے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں انقرہ کے گورنر واصپ ساہن اور ممبران پارلیمنٹ نے شرکت کی۔
چیئرمین پاکستان ترکیہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ علی ساہن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات دونوں ممالک کی عوام کے لیے اللہ کی رحمت ہیں، صدیوں پر محیت برادرانہ اور سٹریٹجک رابطے خطے میں استحکام کو فروغ دینے میں اہم ہیں۔
میئر انقرہ واصپ ساہن نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مثالی تعلقات ہیں، دونوں ممالک ہمیشہ اچھے برے وقت میں عالمی اور خطے کے پلیٹ فارم پر ہم آواز رہے ہیں۔
پاکستان کے ترکیہ میں سفیر ڈاکٹر جنید یوسف نے ترکیہ کو 100 ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کی، ڈاکٹر جنید یوسف نے ترکیہ کی ترقی اور اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور ترکیہ میں برادرانہ تعلقات کی مثال دو ریاستوں میں موجود ایک قوم کی سی ہے۔
ڈاکٹر جنید یوسف نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر دونوں ممالک امن کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے، دونوں ممالک فلسطینی اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔