اسرائیلی فوج غزہ میں ہرگھنٹے میں اوسطاً 42 بم گرا رہی ہے : رپورٹ

Published On 02 November,2023 10:26 am

غزہ : (ویب ڈیسک ) غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی مسلح افواج 23 لاکھ کی آبادی والے علاقے غزہ میں ہرگھنٹے میں اوسطاً 42 بم گرا رہی ہیں۔

عرب میڈیا نے غزہ کی وزارت صحت کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل کی مسلح افواج 7 اکتوبر سے غزہ میں اوسطاً 42 بم برسا رہی ہیں ۔

ان بموں سے ہر گھنٹے میں اوسطاً 12 عمارتیں منہدم ہو رہی ہیں، 15 فلسطینی شہید ہو رہے ہیں جن میں سے 6 بچے ہوتے ہیں ، اس بمباری سے ہر گھنٹے میں اوسطاً 35 افراد زخمی ہو رہے ہیں۔

اسرائیلی بمباری سے گھر ، سکول ، مساجد ، چرچ اور ہسپتال غرض کوئی جگہ محفوظ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں :غزہ: اسرائیل کی جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر دوبارہ بمباری، اقوام متحدہ کی شدید مذمت

اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور دھمکیوں کے نتیجے میں شمالی غزہ کے 8 لاکھ سے زیادہ مکین بے گھر ہو چکے ہیں ، سرائیلی فوجی کارروائیوں نے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کے لئے دیگر علاقوں میں منتقلی کے راستے بھی مسدود کردیئے ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی سفاکیت میں 26 روز بعد بھی کمی نہیں آسکی، 24 گھنٹے کے دوران اسرائیل نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر دوسرا حملہ کیا ۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حماس کے میڈیا آفس نے کہا کہ گزشتہ روز جبالیہ پر 2 اسرائیلی حملوں میں 195 فلسطینی جاں بحق ہوگئے، ملبے تلے دبے 120 افراد تاحال لاپتا ہیں جبکہ 777 افراد زخمی ہوئے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کے فضائی حملوں کے بعد شہریوں کی اموات اور تباہی کی شدت کو دیکھتے ہوئے ہمیں شدید تحفظات ہیں کہ یہ بلاجواز حملے کیے جارہے ہیں جو جنگی جرائم کے زمرے میں آسکتے ہیں۔