تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسلامی ممالک سے صیہونی ریاست اسرائیل کو تیل اور خوراک کی برآمدات روکنے کا مطالبہ کردیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھاکہ اسلامی ممالک صیہونی ریاست کوتیل اور خوراک کی برآمدات روکیں، کم از کم اس وقت مسلم ملکوں کو صیہونی ریاست سےمعاشی تعاون نہیں کرناچاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی حکومتوں کو غزہ میں جرائم کے جلد خاتمے پر اصرار کرنا چاہیے، مسلمان ممالک کو یاد رکھنا چاہیے غزہ کی آبادی پرکون دباؤ ڈال رہا ہے؟ غزہ کے لوگوں پر دباؤ ڈالنے والوں میں صرف صیہونی ریاست شامل نہیں ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھاکہ صیہونی حکومت لاچار اور مبہوت ہے، اپنی عوام سے بھی جھوٹ بول رہی ہے، اسرائیلی حکام فلسطینیوں کے پاس موجود اپنے جنگی قیدیوں کے بارے میں جو اظہار تشویش کر رہے ہیں وہ بھی جھوٹ ہے
ان کا مزید کہنا تھاکہ غزہ پر صیہونی فوج جو بمباری کررہی ہے ممکن ہے کہ اس میں وہ اپنےجنگی قیدیوں کو بھی ہلاک کردے، سامراجی طاقت فوجی دباؤ، بمباریوں اور انسانیت سوزجرائم کے ساتھ آئی ہے لیکن قوت ایمان ان سب پر غلبہ حاصل کرے گی۔