غزہ: (دنیا نیوز) حماس نے اسرائیلی فوج کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے افسر سمیت مزید 19 صیہونی فوجی مار دیئے، حملے میں 6 ٹینک اور 9 فوجی گاڑیاں بھی تباہ کر دی گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق حماس کے تازہ ترین حملے میں اسرائیلی افسر سمیت 19 ہلاکتیں ہوئیں ہیں، اس کے علاوہ اسرائیلی فوج کی بٹالین کے ہیڈکوارٹر پر دھاوا اور شیبا فارمز کے علاقے میں بٹالین پر ڈرون حملے سے بھی جانی نقصان کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز غزہ پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے لبنان سے اسرائیلی علاقے کریات شمونہ میں 12 راکٹ فائر کیے جس کی وجہ سے ہرطرف آگ ہی آگ لگ گئی، لبنان کی تنظیم حزب اللہ نے بھی اسرائیل کی 19 فوجی چوکیوں پر حملے کیے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیان جاری کیا ہے کہ غزہ پٹی میں زمینی کارروائیوں کے دوران اب تک 25 اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ 260 فوجی اہلکار شدید زخمی ہو چکے، اسرائیلی فضائیہ نے 150 پروازوں کی مدد سے غزہ کی پٹی سے زخمیوں کو نکالا ہے۔