لاہور : (دنیانیوز) دنیا بھر میں انسانی حقوق کا دن آج 10 دسمبر کو آزادی اور انصاف کے عنوان کے ساتھ منایا جا رہا ہے ، یہ وہ دن ہے جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے انسانی حقوق کے آفاقی منشور کی توثیق کی تھی۔
اس عالمی دن کا مقصد انسانی حقوق کے بارے میں بین الاقوامی سطح پر شعور اجاگرکرنا اور ان کی پاسداری کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
انسانی حقوق کا یہ عالمی دن جہاں عالمی طاقتوں کی توجہ اس کرہ ارض پر بسنے والے انسانوں کو درپیش چیلنجز کی طرف مبذول کرا رہا ہے وہیں آج مظلوم فلسطینی اپنے دُکھوں کے مداوے کیلئے انسانیت کے علمبرداروں کی طرف نظریں جمائے ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی طرف سے سال 2023کو انسانی حقوق کے دن کیلئے آزادی، برابری اور سب کیلئے انصاف کا عنوان دیا گیا ، اس دن کی مناسبت سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایسے میں کہ جب دنیا میں تنازعات بڑھ رہے، غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے ، انسانی حقوق کا یونیورسل چارٹر جنگوں کے اختتام کیلئے روڈ میپ کی حیثیت رکھتا ہے۔
انسانی حقوق کا عالمی دن آج اس موقع پر منایا جارہا ہے جب غزہ لہو لہو ہے ، اس کی دھرتی پر انسانیت سسک رہی ہے ،جہاں 7اکتوبر سے اب تک ساڑھے 17 ہزار سے زائد فلسطینی شہری بمباری سے مارے جاچکے ہیں ، صرف یہی نہیں رہائشی بستیوں سمیت ہسپتالوں اور امدادی کیمپوں تک کو وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اسرائیلی جارحیت کی زد میں غزہ کھنڈر میں تبدیل ہوگیا ہے اور جہاں سینکڑوں معصوم فلسطینی بچے ،خواتین ،مردو بزرگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں ۔
آج غزہ کی صورتحال انسانی حقوق کے علمبرداروں کیلئے جہاں ایک چیلنج بن چکی ہے، تو دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم بھی عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں ۔