غزہ: (ویب ڈیسک) 7 اکتوبر 2023ء کو کنسرٹ پر کیے گئے حملے میں ہلاک 42 اسرائیلیوں کے اہل خانہ نے اپنی فورس کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال 7 اکتوبر کو کنسرٹ پر ہونے والے حملے میں ہلاک 42 اسرائیلیوں کے اہلخانہ نے قابض افواج کے خلاف درج مقدمے میں الزام عائد کیا ہے کہ فورسز کی لاپرواہی کے نتیجے میں دورانِ تقریب جانوں کا ضیاع ہوا۔
مقدمے میں موقف اپنایا گیا کہ کنسرٹ سے متعلق فورسز کو ممکنہ خطرات کا پیشگی علم تھا لیکن انہوں نے شرکاء کی حفاظت کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے، پولیس تفتیش میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ اسرائیلی فورسز کی جوابی کارروائی میں زیادہ جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
مدعیان کی نمائندگی کرنے والے قانونی مشیر کا کہنا ہے کہ متاثرین اور ان کے اہلخانہ انصاف کے خواہاں ہیں، اسرائیلی فورسز، پولیس اور سکیورٹی اداروں کی غفلت کے باعث یہ واقعہ رونما ہوا تاہم سرکاری حکام نے ابھی تک اس مقدمے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔