بیروت: (ویب ڈیسک) حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے کہا کہ صالح العاروری کا قتل اسرائیلی جارحیت ہے۔
حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے پریس کانفرنس کے دوران سربراہ حماس اور فلسیطنی عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حماس کے رہنما صالح العاروری کل جنوبی بیروت میں ایک حملے میں شہید ہوگئے تھے۔
حسن نصر اللہ نے کہا کہ غزہ، لبنان، عراق اور یمن میں اسرائیلی اور امریکی حملوں میں شہید لوگوں کا آپس میں تعلق ہے، شہدا کی قربانیاں فلسطین، لبنان، شام، عراق اور پورے خطے کیلئے رنگ لائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم قاسم سلیمانی ہر جنگ میں موجود ہیں، خطے میں ہر مزاحمتی گروہ خودمختار ہے، ہر مزاحمتی گروہ اپنے سٹریٹجک وژن اور مقامی ایجنڈے کے مطابق کام کرتا ہے۔
حسن نصراللہ کا مزید کہنا تھا کہ حوثی بحیرہ احمر میں حملے ایران کے مطالبات پر نہیں کر رہے ، حزب اللہ 7 اکتوبر کے حملے سے خود کو علیحدہ نہیں سمجھتی، حماس کا اسرائیل پر حملہ خالصتاً فلسطینی تھا، اسرائیل لبنان سرحد پر ہزاروں ہلاکتوں کو چھپا رہا ہے۔