واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے اسرائیلی وزراء کی جانب سے فلسطینیوں کوغزہ سے نکل جانے کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ فلسطینیوں کی سرزمین ہے اور رہے گی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ فلسطینیوں کی سر زمین کے خلاف اسرائیلی وزراء کا بیان اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے، حماس کا اب کوئی مستقبل نہیں، کوئی دہشتگرد گروپ اب اسرائیل کیلئے خطرہ نہیں۔
میتھیو ملر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری بیان میں لکھا کہ ’امریکا نے اسرائیلی وزراء سموٹریچ اور بین گویر کے اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کو مسترد کر دیا ہے، غزہ سے بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کی نقل مکانی نہیں ہونی چاہیے‘۔
— Matthew Miller (@StateDeptSpox) January 2, 2024
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی بربریت رُک نہ سکی ہے اور غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے۔
صیہونی فورسز نے غزہ میں 30 سے زائد مقامات پر حملے کے دوران گزشتہ 24 گھنٹے میں 200 سے زائد افراد کو شہید کر دیا ہے جبکہ دیر البلاح میں رہائشی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں شہداء کی تعداد 22 ہزار 815 ہوگئی ہے جبکہ 57 ہزار کے قریب افراد زخمی ہوگئے ہیں۔