بیروت : (ویب ڈیسک ) جنوبی لبنان کے علاقے نقورا میں عمارت پر اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سینئر اہلکار حسین یزبیک سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ جنگ سے نہیں ڈرتے لیکن بڑے پیمانے پر کشیدگی سے باز رہیں گے۔
حزب اللہ نے گزشتہ روز ایک بیان میں جنوبی لبنان میں رہ نما حسین یزبک سمیت اپنے چار ارکان کی شہادت کا اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ دیگر تین مرنے والوں میں ابراہیم عفیف، ہادی علی رضا اور حسین علی محمد غزالہ شامل ہیں۔
یہ واقعہ لبنانی حزب اللہ کے سکریٹری جنرل حسن نصراللہ کی تقریر کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ "اگر اسرائیل لبنان کے خلاف جنگ چھیڑنے کا سوچتا ہے، تو ہماری لڑائی سرحدوں اور ضوابط سے ماورا ہو گی "۔
انہوں نے کہا کہ حماس کے پولٹ بیورو کے نائب سربراہ صالح العاروری کا قتل ایک بڑا اور خطرناک جرم ہے جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا، دشمن اس کی سزا سے نہیں بچ سکے گا۔
خبر رساں ادارے کو سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ لبنانی حزب اللہ گروپ کا ایک مقامی اہلکار اور ایران کے اتحادی گروپ کے تین دیگر ارکان بدھ کو دیر گئے جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔
اس کے بعد بدھ کے روز جنوبی لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد9 ہوگئی ہے اور یہ سب حزب اللہ کے ارکان بتائے جاتے ہیں۔
7اکتوبر کو غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے، لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان روزانہ بمباری کا تبادلہ ہوتا رہا ہے۔