اسرائیلی ڈرون حملے میں شہید حماس رہنماؤں کی نماز جنازہ ادا، ہزاروں افراد کی شرکت

Published On 04 January,2024 07:22 am

بیروت: (دنیا نیوز) اسرائیل کے ڈرون حملے میں شہید ہونے والے القسام بریگیڈز کے شیخ صالح العاروری سمیت 3 رہنماؤں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ روز اسرائیلی ڈرون حملے سے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں شہید ہونے والے القسام بریگیڈز کے رہنماؤں شیخ صالح العاروری، عزام العقرا اور محمد الرئیس کو نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد سپردخاک کر دیا گیا، نماز جنازہ بیروت کی طارق الجدیدہ امام علی مسجد میں ادا کی گئی جس میں حماس اور القسام بریگیڈز کے مجاہدین سمیت ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: حزب اللہ کا حماس کے نائب سربراہ کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان

دوسری جانب حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے پریس کانفرنس کے دوران سربراہ حماس اور فلسیطینی عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صالح العاروری جنوبی بیروت میں ایک حملے میں شہید ہو گئے تھے ان کا قتل اسرائیلی جارحیت ہے، غزہ، لبنان، عراق اور یمن میں اسرائیلی اور امریکی حملوں میں شہید لوگوں کا آپس میں تعلق ہے، شہداء کی قربانیاں خطے کیلئے رنگ لائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: صالح العاروری کا قتل اسرائیلی جارحیت ہے: حسن نصر اللہ

حسن نصر اللہ نے مزید کہا ہے کہ مرحوم قاسم سلیمانی ہر جنگ میں موجود ہیں، خطے میں ہر مزاحمتی گروہ خود مختار ہے، ہر مزاحمتی گروہ اپنے سٹریٹجک ویژن اور مقامی ایجنڈے کے مطابق کام کرتا ہے، حوثی بحیرہ احمر میں حملے ایران کے مطالبات پر نہیں کر رہے، حزب اللہ 7 اکتوبر کے حملے سے خود کو علیحدہ نہیں سمجھتی، حماس کا اسرائیل پر حملہ خالصتاً فلسطینی تھا۔