نیوجرسی: (ویب ڈیسک ) امریکا کی ریاست نیو جرسی میں امام مسجد کو فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست نیوجرسی کے شہر نیو آرک کی مسجد کے باہر مقامی وقت صبح 6 بجے کے قریب نامعلوم شخص نے امام حسن شریف کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔
مقامی پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں مسجد کے امام حسن شریف کو تشویشناک حالت میں مقامی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ دوران علاج ہی دم توڑ گئے، جبکہ ملزم فرار ہوگیا۔
امام حسن شریف گزشتہ 5 سال سے نیوآرک کی مسجد میں امامت کی فرائض سر انجام دے رہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق فائرنگ کی وجوہات معلوم نہ ہوسکیں، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر گھر گھر تلاشی اور تفتیش کا آغاز کردیا۔
نیو جرسی کے اٹارنی جنرل میتھیو جے پلاٹکن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب مسلم کمیونٹی کے خلاف تعصب کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، ہم جانتے ہیں کہ فائرنگ کا یہ واقعہ ہماری ریاست میں خوف اور خدشات کو بڑھا دے گا، واقعے کی تفتیش جاری ہے۔