امریکی ریاست کیلیفورنیا میں فائرنگ سے خاتون سمیت 4 افراد ہلاک

Published On 05 March,2024 06:57 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 4 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر کنگ سٹی میں پیش آیا، گولیوں کی زد میں آ کر 3 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

کیلیفورنیا کے حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ گزشتہ رات پیش آیا، فائرنگ سے 3 مرد اور ایک عورت ہلاک ہوئے ہیں، خاتون کو زخمی حالت میں فوری طور پر ہسپتال لایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔

دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے لوگوں کی ابھی شناخت نہیں ہو سکی، مرنے والوں پر گھروں کے سامنے والے صحن میں فائرنگ کی گئی، واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور ابھی کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

واضح رہے کہ امریکا میں پائے جانے والے گن کلچر کی وجہ سے گاہے بگاہے فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں حتیٰ کہ سکولوں میں بھی اس نوعیت کے واقعات امریکی معاشرے میں بد امنی کی نشاندہی کرتے ہیں۔