غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فورسز کی جانب سے بربریت جاری ، 24گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں مزید 59 فلسطینی شہیداور 83 زخمی ہوگئے۔
غزہ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ سال اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 32 ہزار 975 ہوگئی ہے جبکہ 75 ہزار 577 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی مغربی کنارےمیں چھاپا مار کارروائیاں جاری ہیں جس میں مزید 3 فلسطینی گرفتار کیے گئے۔
غزہ میں الشفاء میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر نے فوری طورپر ایک فیلڈ ہسپتال کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الشفاء ہسپتال ہمیشہ کے لیے ختم ہو چکا، ڈاکٹر اور طبی عملہ گرفتار کرلیا گیا، ہمارے پاس زخمیوں کو بچانے کا کوئی ذریعہ نہیں، اقوام متحدہ تحقیقات کرے۔
ادھر اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی برائے فلسطین فرانسسکاالبانیز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے دیر البلح میں امریکی امدادی گروپ ورلڈ سینٹرل کچن کے قافلے پر حملہ جان بوجھ کرکیا، اسرائیل نے غزہ میں انسانی ہمدردی کے کارکنان کو دھمکانے کے لیےحملہ کیا،اسرائیل چاہتاہے کہ امدادی کارکنان غزہ سے باہر نکل جائیں اور فلسطینی بھوک کا نشانہ بنتےرہیں۔
دوسری جانب اسرائیل نے تسلیم کیا ہے کہ امریکی امدادی تنظیم کے ارکان نے اپنی نقل وحرکت سے متعلق اسرائیلی فوج کو پیشگی اطلاع فراہم کی تھی۔