ریاض: (ویب ڈیسک)سعودی عرب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی،نظام زندگی شدید متاثر ہوا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق طوفانی بارشوں سے شہروں کی اہم شاہراہیں اور انڈر پاس پانی سے بھر گئے ہیں، درجنوں گاڑیاں بھی پانی میں بہہ گئیں ہیں۔
سعودی دارالحکومت ریاض سمیت الخرج،القصیم،بریدہ،دمام و دیگر علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، بارش کا پانی کاروباری مراکز میں داخل ہوگیا ہے،طوفانی بارش، سیلابی ریلوں میں گاڑیاں بہہ گئیں، جبکہ شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔
شدید بارشوں کے سبب کئی پروازیں منسوخ جبکہ تعلیمی ادارے بھی بند رہے محکمہ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر اور صحرائی وادیوں میں جانے سے منع کر دیا۔
واضح رہے سعودی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے دو روز تک موسم غیر یقینی رہے گا۔