عمان کے مختلف علاقوں میں بارشیں، سیلاب کا الرٹ جاری

Published On 02 May,2024 12:45 pm

مسقط : (ویب ڈیسک ) عمان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے پیش نظر سکولوں کو بند کردیا گیا جبکہ سیلاب کا الرٹ جاری کردیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سلطنت عمان میں وزارت تعلیم نے( آج )جمعرات کو الوسطی گورنری کو نکال کر تمام علاقوں کے سرکاری، نجی اور غیر ملکی سکولوں میں فاصلاتی تعلیم کو شروع کرنے کا اعلان کردیا، بارش کی وجہ سے بندش ختم ہونے کے بعد اتوار 5 مئی 2024 کو سکولوں میں پڑھائی دوبارہ شروع ہوگی۔

نیشنل سینٹر فار ارلی وارننگ آف ملٹیپل ہیزڈز کی طرف سے جاری متوقع بھاری بارشوں کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر گورنریٹس میں بارش ہونے کا امکان ہے، جس سے وادیوں اور چٹانوں میں سیلاب کی توقع ہے۔

سلطنت عمان کے متعدد گورنریٹس میں مختلف شدت کی بارش ہوئی اور فعال ہوائیں چلیں جس کی وجہ سے متعدد وادیوں او چٹانویں میں سیلاب آگیا۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں بارشوں سے سیلابی صورتحال، نظام زندگی متاثر

ریاست جبل الاخضر میں وادی المنا خر اور وادی سیق کا پانی بہہ گیا اور ریاست سمائیل میں شدید بارشوں کے باعث وادی العق اور وادی بنی رواحہ میں بھی سیلاب آگیاجبکہ بارش کے باعث ریاست منح میں بھی وادی المحیول میں سیلاب رہا۔

سلطنت عمان میں اپریل کے وسط میں شدید بارشوں کی وجہ سے آنے والے اچانک سیلاب نے شدید نقصان پہنچایا ہے ، حکام کے مطابق بس گرنے والے طلبہ سمیت درجنوں افراد جان کی بازی ہارگئے۔

شہری دفاع حکام نے بتایا کہ سلطنت کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے شمالی الشرقیہ گورنری میں بارشوں کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔