ممبئی : (ویب ڈیسک ) بھارت کے شہر ممبئی میں گزشتہ شام شدید طوفان کے دوران ایک بڑا بل بورڈ گرنے سے اب تک 14 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے علاقے گھٹ کوپر میں شدید طوفان کے باعث نصب 100 فٹ کا ایک بل بورڈ پیٹرول پمپ پر گرا جس کی وجہ سے 14 افرادجان کی بازی ہار گئے جبکہ 70 زخمی ہوئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے رات بھر پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن کیا۔
پیر کی شام ممبئی میں اچانک طاقتور گردوغبار کا طوفان آیا جس کی وجہ سے جہاں سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثرہوئی وہیں ممبئی ایئرپورٹ اور ٹرین سروس میں بھی خلل آیا۔
محکمہ موسمیات نے ممبئی اور قریبی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، اگرچہ غیرمتوقع بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ہے تاہم ممبئی سمیت مختلف اضلاع میں بجلی کی بندش سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو اہے۔
دوسری جانب مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے حکام کو شہر کے تمام بل بورڈز کے آڈٹ کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے ہلاک ہونے والے ہر فرد کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے کی امداد دینے کا بھی اعلان کیا۔