دی ہیگ: (دنیا نیوز) عالمی عدالت انصاف کے چیف پراسیکیوٹر نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور غزہ میں حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کے جنگی جرائم کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کردی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی عدالت انصاف کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ جنگی جرائم اور 7 اکتوبر کے حملوں اور اس کے نتیجے میں غزہ میں ہونے والی جنگ کی وجہ سے حماس کے رہنما یحییٰ سنوار اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیل کے وزیر دفاع یوو گیلنٹ اور حماس کے دو دیگر رہنماؤں محمد دیاب ابراہیم المصری اور اسماعیل ہنیہ کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا مطالبہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے جج ثبوتوں کی بنیاد پر اسرائیلی وزیر اعظم اور دیگر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ کریں گے۔
دوسری جانب ادھر اسرائیلی جنگی کابینہ کے وزیر بینی گانٹز جو کہ نیتن یاہو کے سیاسی حریف بھی ہیں نے عالمی عدالت انصاف کے پراسیکیوٹر کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔