جبالیہ اور بیت لاہیا پر اسرائیلی فضائی حملے، مزید 85 افراد شہید، 200 زخمی

Published On 21 May,2024 07:17 pm

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل کے غزہ میں وحشیانہ مظالم جاری ہیں، اسرائیلی افواج کے جبالیہ اور بیت لاہیا پر فضائی حملوں میں مزید 85 افراد شہید، 200 زخمی ہو گئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق رفاہ میں یبنا پناہ گزین کیمپ پر ڈرون حملہ میں کم از کم تین بچے جام شہادت نوش کر گئے۔

اقوام متحدہ دفتر انسانی ہمدردی کے مطابق غزہ کی 40 فیصد آبادی کو گزشتہ دو ہفتوں میں زبردستی بے گھر کیا گیا، 9 لاکھ فلسطینی بےیارو مددگار کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے وہ نسل کشی نہیں ہے : صدر جوبائیڈن

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں بھی حملہ کیا، جس میں ڈاکٹر سمیت 7 افراد کو شہید کر دیا گیا۔

حماس نے بھی اسرائیل کیخلاف جوابی وار کیے، القدس بریگیڈ نے وسطی غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔