کویت: رشوت لینے پر سابق وزیر سمیت 4 افراد کو 7 سال قید کی سزا

Published On 07 June,2024 07:21 am

کویت سٹی: (دنیا نیوز) کویت میں سابق وزیر سمیت 4 افراد کو رشوت لینے کے جرم میں 7 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت کی عدالت نے سابق وزیر برائے سماجی امور مبارک العرو، وزارت سماجی امور کے سابق انڈر سیکرٹری، کوآپریٹو سوسائٹیز کی یونین کے سابق صدر اور ایک شہری کو مخصوص کمپنی سے رشوت وصول کر کے ٹھیکہ دینے کے جرم میں 7 سال قید کرنے کی سزا سنائی ہے، ملزمان کیخلاف کمپنی سے رشوت وصول کرنے کے ثبوت سامنے آنے کے بعد کارروائی کی گئی۔

عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران منافع خوری، ناجائز مالی فائدہ اٹھانے اور ریاستی قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث ہونے کی وجہ سے سابق وزیر سمیت دیگر ملزمان کو سزا سنائی ہے، کویت میں وزراء کے پراسیکیوشن کی مستقل تحقیقاتی کمیٹی نے چاروں ملزمان پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے ملک کے اندر ایک ادارے کے ٹینڈر سے منافع اور مالی فائدہ حاصل کیا ہے۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ کونسلر ہانی الحمدان کی سربراہی میں وزراء کی عدالت نے 21 نومبر 2023ء کو سماجی امور کی وزارت کے سابق انڈر سیکرٹری اور فیڈریشن آف فیڈریشن کے سابق ڈائریکٹر مبارک العرو کو قید کی سزا سنائی تھی۔

46 سالہ مبارک زید العرو المطیری نے کویتی قومی اسمبلی 2020ء کے رکن کے طور پر خدمات انجام دی ہیں، انہوں نے 28 دسمبر 2021ء سے یکم اگست 2022ء تک سماجی امور اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے وزیر، ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے وزیر مملکت کے طور پر خدمات انجام دیں۔