شہزادی کیٹ مڈلٹن کینسر سے ریکوری کے بعد منظر عام پر آ گئیں

Published On 15 June,2024 05:46 am

لندن: (دنیا نیوز) شہزادی کیٹ مڈلٹن کینسر سے ریکوری کے بعد منظر عام پر آ گئی ہیں، سوشل میڈیا پر نئی تصویر شیئر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق شہزادی آف ویلز کیٹ مڈلٹن میں کینسر کی تشخیص ہونے کے بعد وہ کسی بھی سماجی سرگرمی میں شامل نہیں ہوئیں اور منظر عام غائب رہیں تاہم کئی ماہ بعد انہوں نے کینسر سے ریکوری کے بعد اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے۔

تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہزادی کیٹ مڈلٹن خوبصورت انداز میں ایک درخت کے نیچے کھڑی ہیں اور ان کے ارد گرد سر سبز پودے ہیں، شیئر کی گئی تصویر میں کیٹ مڈلٹن خاصی بہتر دکھائی دے رہی ہیں۔

اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کیٹ مڈلٹن کا کہنا ہے کہ علاج کے دوران اچھے اور برے دن کا سامنا کرنا پڑا، کینسر کے علاج سے مطمئن ہوں مگر ابھی مزید چند ہفتے علاج جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ مارچ کے مہینے میں برطانوی شہزادی پرنسز آف ویلز کیٹ مڈلٹن نے ایک ویڈیو بیان میں کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی، کینسر کی تشخیص اس وقت ہوئی جب سال کے آغاز میں لندن کلینک میں شہزادی کے پیٹ کی بڑی سرجری ہوئی تھی۔