دمشق: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے شام میں ایک کار پر ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے میں کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار چاروں افراد شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے کار کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ شام کے دارالحکومت دمشق میں شام اور لبنان کی سرحد کی نزدیک بیروت روڈ پر ایک چوکی کو عبور کر رہی تھی۔ ڈرون لگتے ہی کار میں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کو سکیورٹی ذرائع نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ کار پر اسرائیلی ڈرون حملے میں شہید ہونے والوں 3 فلسطینی جنگجو اور ایک لبنان کی حزب اللہ کا کمانڈر شہید ہوگیا، اسرائیلی ڈرون کا نشانہ بننے والی کار میں موجود افراد نہتے تھے اور گاڑی میں بھی نہ تو اسلحہ اور نہ ہی بارودی مواد موجود تھا۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ ان کی فضائیہ نے شام میں اسلامک جہاد موومنٹ کے رہنما فارس قاسم کو نشانہ بنایا جو تنظیم میں آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کا ایک اہم عہدیدار تھا، تاہم حزب اللہ یا اسلامک جہاد موومنٹ کی جانب سے اسرائیلی دعوے پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔