لفتھانزا ایئرلائن نے تل ابیب، تہران، بیروت کیلئے پروازوں کی معطلی میں توسیع کردی

Published On 20 September,2024 02:03 am

برلن: (ویب ڈیسک) جرمن ایئرلائن لفتھانزا گروپ نے تل ابیب، تہران اور بیروت کے لئے پروازوں کی معطلی میں توسیع کردی۔

جرمن ایئرلائن لفتھانزا گروپ نے بتایا کہ توسیع اس لئے کی گئی ہے کیونکہ اس ہفتے لبنان میں ہونے والے مہلک پیجر دھماکوں کے بعد علاقائی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

لفتھانزا نے موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تل ابیب اور تہران کے لئے پروازیں 24 ستمبر تک منسوخ کر دی جائیں گی، اس نے مزید کہا کہ بیروت کے لئے پروازیں 26 اکتوبر تک معطل رہیں گی۔

لفتھانزا نے کہا ہمارے مسافروں اور عملے کی حفاظت ہمیشہ ہماری اولین ترجیح ہوتی ہے، گروپ نے مزید کہا وہ آئندہ دنوں میں صورتحال کا دوبارہ جائزہ لے گا، متاثرہ مسافر دوبارہ بلامعاوضہ بکنگ یا رقم کی واپسی کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔