سری لنکا: معاشی بحران کے بعد پہلے انتخابات کیلئے پولنگ مکمل، ووٹوں کی گنتی

Published On 22 September,2024 08:53 am

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں 2022 کے معاشی بحران کے بعد پہلے صدارتی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا جبکہ ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا میں 21 ستمبر کو ہفتے کے روز صدارتی انتخابات کیلئے پولنگ ہوئی، مقامی وقت شام 5 بجے تک ہزاروں ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

الیکشن کے دوران سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے فوج سمیت 63 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے، ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد سری لنکا میں 8 گھنٹوں کے لیے کرفیو نافذ کیا گیا تاکہ ووٹوں کی گنتی کے دوران امن و امان کی صورتحال قائم رہے۔

واضح رہے کہ صدارتی انتخابات کیلئے 38 امیدوار میدان میں ہیں جن میں صدر رانیل وکرما سنگھے، اپوزیشن رہنما سازتھ پریم داسا اور بائیں بازو کے رہنما انورا کمارا دسانائکے کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

لنکن میڈیا کے مطابق ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے، صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان آج متوقع ہے، کسی بھی امیدوار کے 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرنے کی صورت میں پہلے دوسرے نمبر پر آنے والے امیدواروں کے درمیان انتخابات کا دوسرا مرحلہ ہوگا۔