بیروت : (ویب ڈیسک ) اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان پر فضائی حملے جاری ہیں ، تل ابیب کی سمت حزب اللہ نے پہلا میزائل داغ دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے سرکاری میڈیا نے آج صبح بتایا ہے کہ اسرائیل نے جنوبی علاقوں پر نئے فضائی حملے کیے ہیں جبکہ تل ابیب اور اسرائیل کے وسطی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔
عرب نیوز چینلوں کے نمائندوں کے مطابق حزب اللہ نے پہلی مرتبہ تل ابیب کی سمت بیلسٹک میزائل داغا ہے ، جس کی ذمہ داری حزب اللہ نے قبول کر لی ہے۔
تنظیم نے ایک بیان میں بتایا کہ داغا جانے والا میزائل "قادر 1" ہے جس کا ہدف موساد (اسرائیل کی خفیہ ایجنسی) کا صدر دفتر تھا، موساد لبنان میں حزب اللہ کی قیادت کی ہلاکت اور پیجر اور وائر لیس آلات کے دھماکوں کی ذمے دار ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق تل ابیب اور اسرائیل کے وسطی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجے اورلبنان کی جانب سے وسطی اسرائیل کی سمت زمین سے زمین مار کرنے والا ایک میزائل داغا گیا جس کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔
اس سے قبل اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے تل ابیب کی فضا میں میزائلوں کو روک دیا۔
یہ بھی پڑھیں:اسرائیل کی دو محاذوں پر جنگ،آنیوالے دن زیادہ خطرناک ہونگے : یاہو اور گیلنٹ
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے بدھ کے روز نیویارک کے لیے اپنا سفر ملتوی کر دیا، اب وہ جمعرات کے روز روانہ ہوں گے۔
اسرائیل نے آج بدھ کو مسلسل تیسرے روز بھی لبنان کے جنوبی علاقوں پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے، عرب میڈیا کے مطابق صبح کے حملوں میں کم از کم 14 دیہات کو نشانہ بنایا گیا۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیارے بدھ کی صبح پانچ بجے سے فضائی حملے کر رہے ہیں۔ حملوں کا سلسلہ رات بھر چلتا رہا اور ان کے نتیجے میں جانی نقصان بھی ہوا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے رواں ہفتے اب تک کے شدید ترین فضائی حملے کیے جن میں لبنان کے اندر سیکڑوں اہداف اور حزب اللہ کی قیادت کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 570 افرادشہید اور 1800 سے زیادہ زخمی ہوئے ۔
یاد رہے کہ یہ 1975 سے 1990 تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے بعد سے لبنان میں ایک دن میں ہونے والی اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔