بیروت: (دنیا نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن اور اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے 30 منٹ کی فون کال میں بات کی، دونوں کے درمیان ایران پر جوابی حملہ کرنے کے اسرائیلی منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو اس وقت کی گئی جب اسرائیل، ایران اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے قریب ہونے کا بھی کوئی امکان نظر نہیں آرہا بلکہ تنازع میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ لبنان میں اسرائیلی فوج کی بڑھتی ہوئی کارروائی کے جواب میں گزشتہ ہفتے ایرانی میزائل حملے پر اسرائیل کے ردعمل کا انتظار کر رہا ہے، ایرانی حملہ بالآخر اسرائیل میں کسی کی ہلاکت کا باعث نہیں بنا اور واشنگٹن نے اسے غیر مؤثر قرار دیا تھا۔