امریکی وزیر خارجہ کا بے گھر فلسطینیوں کیلئے 135 ملین ڈالر امداد کا اعلان

Published On 25 October,2024 03:31 am

غزہ: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے غزہ کے بے گھر فلسطینیوں کیلئے 135 ملین ڈالرامداد کا اعلان کیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے 135 ملین ڈالر کی اس امدادی رقم کا اعلان اس وقت کیا ہے جب غزہ میں جنگ بندی کے لئے کوششیں ایک بار پھر شروع کی جا رہی ہیں، جنگ بندی کی یہ کوششیں انٹونی بلنکن کے مشرق وسطیٰ کے گیارہویں دورے کے موقع پر ایک بار پھر شروع کی جا رہی ہیں۔

انٹونی بلنکن نے کہا ہم بے گھر فلسطینیوں کیلئے 135 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کر رہے ہیں تاکہ انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے، اس سلسلے میں غزہ ، مغربی کنارے اور دوسرے علاقوں کو پانی اور طبی آلات فراہم کئے جا رہے ہیں۔

غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے دوران مشرق وسطیٰ کے گیارہویں دورے کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ نے کہا اب تک 1.2 ارب ڈالر کی امریکی امداد فلسطینیوں کو دی جا چکی ہے۔