ملبورن: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے شہر ملبورن میں نامعلوم افراد نے یہودیوں کی عبادت گاہ کو نذر آتش کر دیا۔
آسڑیلیا براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی) کے مطابق ملبورن میں واقع اڈاس اسرائیل نامی سیناگوگ کو صبح چار بجکر دس منٹ پر اس وقت آگ لگائی گئی جب کچھ افراد اندر عبادت میں مصروف تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سیناگوگ کا زیادہ تر حصہ نذر آتش ہو گیا ہے تاہم واقعہ میں کوئی شدید زخمی نہیں ہوا ایک فرد کو جلنے کے زخم آئے ہیں۔
وکٹورین پولیس کے انسپکٹر کرس مرے نے بتایا کہ صبح کی دعا کے لئے سیناگوگ جانے والے عینی شاہد نے دو افراد کو دیکھا تھا جنہوں نے ماسک پہنے ہوئے تھے جو سیناگوگ کی عمارت پر آگ بھڑکانے والا مواد سپرے کر رہے تھے۔
کرس مرے نے مزید کہا کہ سیناگوگ آگ کے شعلوں میں گھرا ہو تھا اور یہ سب کچھ جان بوجھ کر کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ملزمان کی تلاش کے لئے پولیس کی پٹرولنگ بڑھا رہے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کے انٹرویوز کی مدد سے بھی سراغ لگانے کی کوشش کریں گے۔