سوئٹزرلینڈ: (ویب ڈیسک) ڈیووس فورم کی جاری کردہ رپورٹ میں ارب پتی افراد کی دولت میں تین گنا اضافہ ہوگیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی فلاحی تنظیم آکسفیم انٹرنیشنل نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ آئندہ دس سالوں میں کم از کم پانچ کھرب پتی ابھر کر سامنے آئیں گے جبکہ ایک سال قبل گروپ نے کہا تھا کہ اس عرصے میں صرف کوئی ایک شخصیت ہی کھرب پتی بن سکے گا۔
آکسفیم کی تحقیق سے ایک ہفتہ قبل سابق امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی اپنی تقریر میں کہا تھا کہ امیر ترین چند شخصیات کے ہاتھوں میں خطرناک حد تک دولت مرتکز ہو کر رہ گئی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سال 1990ء سے غربت کا شکار افراد کی تعداد میں زیادہ تبدیلی نہیں آئی ہے، 24 جنوری تک جاری رہنے والے ورلڈ اکنامک فورم میں تین ہزار کے قریب افراد شرکت کریں گے جن میں بزنس ایگزیکیٹو، حکومتی عہدیدار، سماجی رہنما اور ماہر ین تعلیم شامل ہیں۔
آکسفیم نے مطالبہ کیا ہے کہ اجارہ داری نظام کو ختم کیا جائے، کمپنیوں کے سربراہان کی تنخواہ کی حد مقرر کی جائے اور کارپریشنز کو ریگولیٹ کیا جائے کہ ملازمین کو کم سے کم اجرت ادا کی جائے تاکہ وہ زندگی کی بنیادی ضروریات حاصل کرنے کے قابل ہوں۔
بین الاقوامی تنظیم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ سال ارب پتی افراد کی دولت میں 2 کھرب کا اضافہ ہوا جو 2023 کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔