ہمارے رہنماؤں کی گرفتاری کے وارنٹ کے مطالبے کے پیچھے سیاسی محرکات ہیں: طالبان

Published On 25 January,2025 04:57 am

کابل: (ویب ڈیسک) طالبان نے کہا ہے کہ ہمارے رہنماؤں کی گرفتاری کے وارنٹ کے مطالبے کے پیچھے سیاسی محرکات ہیں۔

افغان وزارت خارجہشفقنا اردو: افغان وزیر خارجہ مولوی امیرخان متقی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر کی جانب سے طالبان تحریک کے رہنماؤں کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ کے مطالبے کے پیچھے سیاسی محرکات ہیں اور یہ ’’سیر کو سوا سیر‘‘ کی پالیسی پر مبنی ہے۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ خواتین کے خلاف ظلم و ستم کے الزام میں افغان طالبان تحریک کے سینئر رہنماؤں کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا مطالبہ کریں گے، خان کے نزدیک یہ انسانیت کے خلاف جرم ہے۔

کریم خان کے مطابق وہ جن رہنماؤں کے خلاف وارنٹ گرفتاری کا اجرا چاہتے ہیں ان میں طالبان تحریک کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخونزادہ اور سپریم کورٹ کے سربراہ عبد الحکیم حقانی شامل ہیں۔