ترکیہ: کرد عسکریت پسند رہنما عبد اللہ اوجلان نے ہتھیار ڈال دیے، تنظیم تحلیل کرنے کا اعلان

Published On 27 February,2025 09:21 pm

استنبول: (ویب ڈیسک) ترکیہ میں قید کرد عسکریت پسند تنظیم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے رہنما عبداللہ اوجلان نے اپنی تنظیم سے ہتھیار ڈالنے کی اپیل کردی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اوجلان کی یہ اپیل ترکی کے ساتھ کے ساتھ 40 سالہ تنازعے کے خاتمے کا باعث بن سکتی ہے اور خطے میں سیاسی و سلامتی کے لحاظ سے دور رس نتائج مرتب کر سکتی ہے۔

کرد حامی ترک جماعت پیپلز ایکویلیٹی اینڈ ڈیموکریسی پارٹی(ڈی ای ایم پارٹی) کے ایک وفد نے جمعرات کے روز اوجلان سے ان کی جیل میں ملاقات کی اور بعد ازاں استنبول میں ان کا بیان جاری کیا۔

خیال رہے کہ عبد اللہ اوجلان 1999 سے ترکی کی امرالی جیل میں قید ہیں۔

اوجلان نے اپنے بیان میں کہا ’میں ہتھیار ڈالنے کی اپیل کر رہا ہوں اور اس تاریخی ذمہ داری کو قبول کرتا ہوں ‘ اوجلان نے اپنی جماعت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک اجلاس منعقد کرے اور باضابطہ طور پر خود کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کرے۔

عبداللہ اوجلان کے کہا کہ امن ہتھیار اٹھانے اور جنگ سے زیادہ طاقتور ہے، ہم امن و سلامتی کا پیغام دینا چاہتے ہیں، کردوں کے وجود کو تسلیم نہیں کیا جارہا تھا تو کردستان ورکرزپارٹی وجود میں آئی، چیلنجز کا سامنا کرنے کے ليے کردستان ورکرز پارٹی کا قیام ناگزیر تھا۔

واضح رہے کہ ترکی اور اس کے مغربی اتحادی پی کے کے کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہیں۔