لندن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے نئے ٹیکسوں کے نفاذ کے اعلان کے بعد گاڑیاں بنانیوالی معروف برطانوی فرم جیگوار لینڈ روور نے امریکا کو تمام گاڑیوں کی ترسیل روک دی جبکہ 9 ہزار سے زائد برطانوی کارکنان کو اپنی ملازمتوں کے لالے پڑ گئے۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق جیگوار لینڈ روور انتظامیہ نے کہا ہے کہ امریکا کو بھیجی جانیوالے تمام کھیپ روکی جا رہی ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کے محصولات کی نئی تجارتی شرائط کو حل کیے بغیر نئی پیش رفت کرنا ممکن نہیں ہے۔
امریکا میں درآمد کی جانے والی تمام غیر ملکی کاروں پر 25 فیصد لیوی ٹیکس جمعرات کو نافذ ہونے جارہا ہے دنیا بھر سے درآمد کی جانیوالی اشیاء پر وسیع تر بیس لائن 10 فیصد ٹیرف گزشتہ روز عائد کر دیا گیا ہے۔
برطانوی کار فرم کی طرف سے یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب کمپنیاں نئے تجارتی قوانین اور عالمی اسٹاک مارکیٹوں پر پڑنے والے اثرات سے دوچار ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ برطانوی گاڑیوں کے لگژری برانڈز کیلئے امریکا ایک اہم مارکیٹ ہے ہم کاروباری شراکت داروں کے ساتھ نئی تجارتی شرائط کو حل کرنے کےلیے کام کر رہے ہیں ہم اپریل میں شپمنٹ کے وقفے سمیت کچھ قلیل مدتی اقدامات اور طویل مدتی منصوبے تیار کیے جا رہے ہیں۔